بھٹکل27؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)گیس سلینڈر کے گاہکوں کواپنی تفصیلات یعنی Know Your Customer (KYC) فراہم کرنے کے لئے جلدی کرنے اور گیس ایجنسی کے باہر پہنچ کر لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے، سلینڈر کی گھر ڈیلیوری کے دوران بھی یہ تفصیلات فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس بات کی جانکاری ضلع اترکنڑا کےمحکمہ تغذیہ اور شہری سپلائی کے ڈپوٹی ڈائرکٹر منجوناتھ نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ سوشیل میڈیا پر ایک غلط مسیج وائرل ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ 31 ڈسمبر 2023سے قبل اپنی گیس ایجنسی پہنچ کر معلومات فراہم کی جانی چاہئے، اس مسیج کےبعد عوام بالخصوص پکوان گیس گاہک پریشانی میں مبتلا ہوگئے اور گیس ایجنسی کے باہر لوگوں کی لائن لگنی شروع ہوگئی۔ منجوناتھ نے بتایا کہ تفصیلات جمع کرنے کے لئے 31 ڈسمبر 2023 آخری تاریخ نہیں ہے، اس تاریخ کے بعد بھی تفصیلات جمع کرائی جاسکتی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ وائرل مسیج میں کہا گیا تھاکہ اگر فوری طور پرKYC نہیں کی گئی تو گیس سلینڈر پر سبسڈی نہیں ملے گی، اس تعلق سے محکمہ کے نائب ڈائرکٹر نے بتایا کہ گیس پر رعایت دینے کا اختیار مرکزی حکومت کے پاس ہے ۔ جب کہ ہمارے پاس سبسیڈی کو لے کر ایسی کوئی اطلاع یا جانکاری بھی نہیں ہے۔
اترکنڑا کےنوڈل آفیسر ابھنیو کمارنے بتایا کہ حکومت نے کہیں بھی یہ نہیں کہا ہے کہ کے وائی سی کےلئے 31ڈسمبر آخری تاریخ ہے۔ اسی طرح گیس ایجنسی پہنچ کربھی گاہکوں کو اپنی تفصیلات جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ گاہک اپنے ہی گھرسے سلینڈر کی ڈیلیوری کے دوران کے وائی سی کراسکتے ہیں۔ البتہ اگر کوئی معاملہ حل طلب ہو تو وہ گیس ایجنسی جاکر اپنی تفصیلات فراہم کرسکتے ہیں۔